چکبالاپور:6 ؍نومبر(ایس او نیوز) ریاستی کھادی بورڈ کے لئے چیرمین کی حیثیت سے نامزد کئے گئے چکبالاپور تعلقہ کے این رمیش نے اپنے عہدے کا جائزہ لینے کے بعد یہاں پریس کلب میں اپنی پہلی پریس کانفرنس طلب کی اور کہا کہ ریاستی حکومت اور کانگریس پارٹی نے یہ ذمہ داری سونپی ہے، اسے وہ پوری ایمانداری اور لگن کے ساتھ نبھانے کی کوشش کریں گے، انہوں نے ریاستی وزیر اعلیٰ سدارامیا ،مقامی رکن پارلیمان کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں قابل سمجھ کر یہ عہدہ فراہم کیا ہے۔این رمیش نے مزید کہا کہ آج سے25 سال قبل چکبالاپور تعلقہ سے ریاستی بورڈ کے لئے چیرمین کا عہدہ دیا گیا تھا، جس کے بعد ہر حکومت چکبالاپور تعلقہ کو مسلسل نظر انداز کرتی آرہی تھی، اس مرتبہ مقامی رکن پارلیمان ایم ویرپا موئیلی اور رکن اسمبلی ڈاکٹر سدھاکر کی کوششوں سے تعلقہ کو بورڈ کارپوریشن میں نمائندگی حاصل ہوئی ہے، جس سے تعلقہ کے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، انہوں نے بتایا کہ رسمی طورپر عہدے کا جائزہ لینے کے بعد افسروں سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے، آنے والے دنوں میں کھادی بورڈ کے متعلق تفصیل پیش کریں گے۔ریاستی بورڈز کارپوریشنوں میں کھادی بورڈ کا قیام مہاتماگاندھی نے لایا تھا، اس کے ذریعہ کئی منصوبوں کو جاری کیا جاتاہے، اس سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے، انہوں نے ریاست کے نوجوانوں سے گزارش کی کہ روزگار کی تلاش کریں اور کھادی بورڈ سے فائدہ حاصل کریں، کھادی بورڈ کے ذریعہ عام زمرے سے جڑے لوگوں کو25 فیصد سبسیڈی دی جارہی ہے، اس کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے بے روزگار نوجوان اپنے پیروں پر کھڑے ہونے کی کوشش کریں۔نونامزد چیرمین رمیش نے مزید بتایا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی صرفہ خاص سے تعلقہ کی غریب اور مستحق حاملہ خواتین کے لئے گود بھرائی کی رسم ادا کرنے کا پروگرام منعقد کریں گے، اس دن شہر کے گروراجہ کلیان منٹپ میں کیمپے گوڈا اسپتال کے ماہر ڈاکٹروں کی موجودگی میں حاملہ خواتین کے لئے میڈیکل چک اپ کا اہتمام کیا جائے گا، اس موقع پر سابق رکن اسمبلی ایس ایم منی اپا، سابق کونسلر محمد داؤد، بلاک کانگریس کمیٹی صدر گووند سوامی، تعلقہ پنچایت صدر راما سوامی موجودتھے۔